کوٹ مبارک (باغی ٹی وی نامہ نگار،امداداللہ تھہیم) جھوک یارشاہ میں رحمت میموریل ہسپتال کے زیر اہتمام دو روزہ فری آئی اور میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کے منتظم اور سربراہ، محمد سجاد کہری نے اس حوالے سے خصوصی گفتگو کی اور بتایا کہ کیمپ میں آنکھوں کے مریضوں سمیت دیگر امراض کے علاج کے لیے مختلف ماہرین کی خدمات فراہم کی گئیں۔
کیمپ میں تقریباً 900 مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں 500 گائنی کے مریضوں کو الٹرا ساؤنڈ سمیت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ جنرل فزیشن کیمپ میں 300 مریضوں کا معائنہ ہوا جبکہ ڈینٹل کیمپ میں 200 مریضوں کا علاج کیا گیا۔ علاوہ ازیں، 450 مریضوں کے شوگر، یوریک ایسڈ، ہیپاٹائٹس، یرقان، سی بی سی، ٹائیفائڈ، ملیریا، کلیسٹرول اور دیگر ٹیسٹ مفت کیے گئے۔
کیمپ کے دوران 150 مریضوں کے آنکھوں کے لینز آپریشن کے ذریعے ڈالے گئے، جنہیں معروف آئی سرجن رفعت اللہ کلاچی نے آپریٹ کیا۔ کیمپ میں ہسپتال کا عملہ، ڈینٹل اور لیباری ماہرین، لیڈی ڈاکٹر، اور مختلف دوا ساز کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر سجاد کہری اور رفعت اللہ کلاچی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ کی مدد سے یہ خدمات آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔