گوجرہ: چوہدری عقبہ علی وڑائچ کی کسان ریلیف پیکج کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت

گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) سابق ایم این اے اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری خالد جاوید وڑائچ کے صاحبزادے، ایم پی اے چوہدری عقبہ علی وڑائچ نے محکمہ زراعت میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے کسان ریلیف پیکج کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

چوہدری عقبہ علی وڑائچ نے اپنے دست مبارک سے چھوٹے کاشتکاروں کو کسان کارڈ تقسیم کیے اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ "کسانوں کے لیے فراہم کردہ ریلیف ایک مثال ہے” اور اس پروگرام کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ "وزیر اعلیٰ پنجاب نے جو ٹریکٹر سکیم کا آغاز کیا ہے، اس میں کسانوں کو تقریباً 10 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ چھوٹے کاشتکاروں کے لیے بلا سود 1.5 لاکھ روپے قرضے کا اندراج کیا گیا ہے۔” یہ اقدام کسانوں کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چوہدری عقبہ علی وڑائچ نے یہ بھی کہا کہ "محترمہ مریم نواز نے وعدوں کی بجائے کام کو ترجیح دی ہے اور پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔” انہوں نے ملک کی موجودہ سنگین حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ اقتدار میں آ کر ملک کی ترقی کی ہے۔ ان شاء اللہ، مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کو ترقی کی طرف لے جائے گی۔”

اس موقع پر سابق کونسلر بلدیہ قاری جاوید، رانا اعجاز احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت گلزار شاہد اور متعدد کسان بھائی بھی موجود تھے۔ پروگرام نے علاقے میں کسانوں کے مسائل کے حل اور ترقی کی راہ میں اہم کردار ادا کرنے کی امید جگائی ہے۔

Comments are closed.