وزیر اعظم شہباز شریف کا امریکہ دورہ: اہم ملاقاتیں اور اقوام متحدہ اجلاس

0
46
Shehbaz Sharif

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج اپنے 5 روزہ دورے کے دوران اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ رہے ہیں۔ اس دورے میں ان کے ساتھ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہوں گے۔وزیر اعظم اس دورے کے دوران اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے SDG Moment 2024، سلامتی کونسل کی "Leadership for Peace” کے موضوع پر ہائی لیول اوپن ڈیبیٹ، اور بڑھتی ہوئی سطح سمندر سے متعلق خطرات پر اعلی سطحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم نیویارک میں امریکہ-پاکستان بزنس کونسل اور پاکستانی بینکرز کے ساتھ ملاقات کریں گے تاکہ حکومت کی کاروبار اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے آگاہ کر سکیں۔ ان کی ملاقاتوں میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، جنرل اسمبلی کے صدر فیلیمون یانگ، یورپیئن کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈر لیئن، گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بِل گیٹس، عالمی بینک کے صدر اجے بانگا، اور عالمی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائیریکٹر کرسٹالینا جارجیوا شامل ہیں۔ وزیر اعظم فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی خصوصی ملاقات کریں گے، جس میں فلسطین میں جاری صہیونی ظلم و جبر کے خلاف عالمی برادری کو متحرک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
دورے کے دوران، وزیر اعظم دوست ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ برونائی دار اسلام کے سلطان حسن البلقیہ کے جانب سے اقوام متحدہ میں برونائی کی رکنیت کے 40 سال مکمل ہونے پر دیے جانے والے ظہرانے اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کی جانب سے بنگلہ دیش کی اقوام متحدہ کی رکنیت کے 50 سال مکمل ہونے پر دیے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔وزیر اعظم اپنے دورے میں عالمی رہنماؤں کے سامنے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار ممالک کے مسائل، پاکستان کی خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قربانیوں، عالمی معاشی نظام کے مسائل، کشمیر میں بھارتی غیر قانونی قبضے اور اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کے حوالے سے آواز اٹھائیں گے۔

Leave a reply