گوجرہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن ٹوبہ، عدنان حیدر نے جرأت مندانہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 10 من مبینہ مردار گوشت برآمد کیا ہے۔ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیو پلاٹ گوجرہ کے رہائشی فقیر محمد ولد محمد بوٹا نے اپنی حویلی، گلی نمبر 12 میں ذاتی سلاٹر ہاؤس قائم کیا ہوا تھا، جہاں مردہ جانوروں کا گوشت تیار کر کے اندرون شہر اور گردونواح کے علاقوں میں فروخت کیا جا رہا تھا۔
محکمہ فوڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 10 من مردار گوشت قبضے میں لے لیا اور ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ ملزمان اس گھناؤنے کھیل میں ملوث ہو کر پہلے بھی کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں، مگر پھر بھی باز نہیں آئے۔