سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔ مسافر کو بین الاقوامی پرواز کے ذریعے ساؤتھ افریقہ سفر کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ہونے والے مسافر کی شناخت شاہزیب علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ساؤتھ افریقہ کے پاسپورٹ پر سفر کر رہا تھا۔ امیگریشن کلیریئنس کے دوران مسافر کی دستاویزات مشکوک پائی گئیں اور مزید تفتیش میں اس کی ٹریول ہسٹری میں ساؤتھ افریقہ کے پاسپورٹ کا کوئی اندراج نہیں تھا۔ اس کے علاوہ، پاسپورٹ پر درج تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش مسافر کی فیملی ٹری سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔
ابتدائی تفتیش میں شاہزیب علی شاہ نے بتایا کہ اس نے سال 2018 میں پاکستانی پاسپورٹ پر ساؤتھ افریقہ کا سفر کیا تھا اور وہاں ایک مقامی ایجنٹ کے ذریعے 90 ہزار افریقی رانڈ کے عوض جعلی ساؤتھ افریقی پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔
ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔







