اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان ) شہر قدیم اوچ شریف کے ہاتھی بازار میں ناکارہ سیوریج سسٹم کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ گلیوں میں گندے پانی کا جمع ہونا معمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے رہائشیوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے صحت کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے خاص طور پر بچوں اور بزرگوں میں بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے۔ کئی لوگ تو اپنی جائیدادیں بیچنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
شہر کے نوجوانوں نے میڈیا کے ذریعے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد سیوریج سسٹم کی مرمت نہ کی گئی تو وہ سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
شہریوں نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ تاریخی شہر کی ثقافت اور صحت کی حفاظت کے لیے اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف ان کی روزمرہ زندگی متاثر کر رہا ہے بلکہ شہر کی قدیم روایات کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اوچ شریف کی شناخت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔