ڈیجیٹل دور میں بھی اخبارات کی اہمیت کم نہیں ہوئی،اکبر انصاری ایڈووکیٹ

اوچ شریف،احمد پور شرقیہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) پاکستان بھر میں 25 ستمبر کو منائے جانے والے قومی اخبار بینی کے دن پر مختلف حلقوں نے اخبارات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے دور میں بھی اخبارات حقیقی خبروں کا سب سے معتبر ذریعہ ہیں۔

معروف ماہر قانون اکبر انصاری ایڈووکیٹ اور احمد پور شرقیہ کی ادبی و سیاسی رہنما حاجی یاسین سومرو نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ اخبارات صرف کاغذ کا ایک مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو ہمیں ملک و دنیا کے حالات سے آگاہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز اور منفی پروپیگنڈے سے بچنے کے لیے اخبارات کا مطالعہ بہت ضروری ہے۔

حاجی یاسین سومرو نے کہا کہ اخبارات حکومت اور عوام کے درمیان ایک پل کا کام کرتے ہیں۔ عوام اخبارات کے ذریعے حکومت کی پالیسیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو اخبار بینی کی طرف راغب کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اکبر انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ بڑے بڑے دانشوروں نے زمانہ طالب علمی سے ہی اخبار بینی کو اپنی روزمرہ کی عادت بنایا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں اخبار بینی کے فوائد بتانے کے لیے پروگرام منعقد کرنے چاہئیں۔

Leave a reply