شکیب الحسن کا ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارت کیخلاف ٹیسٹ میرے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا
0
53
Bangladesh

کانپور : بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

باغی ٹی وی: عالمی میڈیا کے مطابق بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کانپور میں پریس کانفرنس میں شکیب الحسن نے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کرکٹ بورڈ بنگلہ دیش میں الوداعی ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا تو بھارت کیخلاف ٹیسٹ میرے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا،میں نے میرپور میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش کا اظہار بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے کیا ہے، اس حوالے سے بورڈ نے مجھ سے اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِاعظم حسینہ واجد کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران شکیب الحسن کو قتل کے ایک مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے،آل راؤنڈر پر ڈھاکا میں 23 اگست کو گارمنٹ فیکٹری کے ملازم کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا، مقتول کے والد نے شکیب الحسن پر مقامی تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا،دورہ پاکستان کے دوران شکیب الحسن پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ ٹیم کے ہمراہ وطن واپس روانہ نہیں ہوئے تھے بلکہ انگلینڈ چلے گئے تھے بعدازاں بھارت کیخلاف سیریز لندن سے دہلی پہنچے اور ٹیم کو جوائن کیا۔

علاوہ ازیں شکیب الحسن پر بنگلادیش سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے حصص کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کرنے پر 50 لاکھ ٹکا جرمانہ عائد کردیا ہے،کمیشن کا کہنا ہے کہ شکیب نے حصص کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کرکے سیکیورٹیز ایکٹ کی خلاف ورزی کی جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔

خیال رہے کہ شکیب الحسن شیخ حسینہ واجد کی حکومت میں پارلیمنٹ کے رکن بھی رہے جبکہ عوامی لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن بھی لڑا تھا۔

Leave a reply