قصور: لڑکیوں کو چھیڑنے پر طلباء گروپوں میں تصادم، فائرنگ ، رکشہ ڈرائیور زخمی

قصور (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو کی رپورٹ) کھارا روڈ پر دو طلبہ گروپس کے درمیان لڑکیوں کو چھیڑنے کے معاملے پر سرعام فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے دوران طالبات کو لے جانے والا رکشہ ڈرائیور محمد اسلم شدید زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ محمد اسلم نے فائرنگ کے دوران اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر طالبات کے آگے لیٹ کر انہیں بچانے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے وہ گولی کا نشانہ بن گیا۔ مقامی افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو طلبہ کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ باقی ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

زخمی رکشہ ڈرائیور محمد اسلم کو ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ محمد اسلم کی ہمت اور فرض شناسی نے ممکنہ طور پر ایک بڑا سانحہ ٹال دیا۔

اس واقعے نے علاقے میں سیکورٹی کے فقدان اور طلبہ میں بڑھتے ہوئے تشدد پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ مقامی افراد نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے قریب حفاظتی انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔

Leave a reply