اوچ شریف :بغیر ترپال ٹرالیاں، ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ، شہریوں میں تشویش

اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کی سڑکوں پر بغیر ترپال کے ریت، مٹی اور اینٹوں سے بھری ٹرالیاں چلنے لگیں جس سے سڑکوں پر گرد و غبار کا طوفان برپا ہو گیا۔

موٹر سائیکل سواروں اور پیدل راہگیروں کی آنکھوں میں مٹی اور ککرے پڑنے لگے جبکہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی میں سرعام اضافہ ہو رہا ہے۔ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرالیاں تیز رفتاری سے سڑکوں پر دوڑتی ہیں جس سے ارد گرد کے علاقوں میں گرد و غبار پھیلتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آلودگی کی وجہ سے سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور ماحولیاتی صحت پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

محمد رفیق، جو کہ ایک مقامی رہائشی ہیں نے بتایا کہ ہمیں روزانہ سڑکوں پر ان ٹرالیوں کے گرد و غبار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آنکھوں میں مٹی پڑنے سے دیکھنے میں مشکلات ہوتی ہیں اور اس سے سانس کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔”

محمد عمران نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "اگر ان ٹرالیوں کو ترپال سے نہ ڈھانپا گیا اور فوری ایکشن نہ لیا گیا تو شہر میں سانس کی بیماریوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا، اور سڑکیں حادثات کا گڑھ بن جائیں گی۔”

شہر میں کاروباری حضرات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ایک مقامی دکاندار شہزاد احمد نے کہا کہ "گرد و غبار کی وجہ سے ہمارے گاہک کم ہو گئے ہیں اور کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ٹرالیوں کی تیز رفتاری حادثات میں اضافہ اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے لوگوں کا باہر نکلنا دشوار ہو چکا ہے۔”

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دیں اور بغیر ترپالی ٹرالیوں کے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں تاکہ شہریوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو عوام کے لیے سڑکوں پر چلنا بھی ناممکن ہو جائے گا، اور آلودگی کا مسئلہ مزید بگڑ جائے گا۔

Leave a reply