ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ننکانہ صاحب میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر، تباہ حال سیوریج سسٹم کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے کے باعث علاقے میں وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ سے فوری طور پر ہسپتال کی رہائشی کالونی کا دورہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہسپتال کے عملے کے لئے بنائی گئی درجنوں سرکاری رہائش گاہیں گندے پانی سے متاثر ہو رہی ہیں۔ سیوریج کے ناکافی نظام کے باعث گندا پانی جگہ جگہ جمع ہے، جس سے مچھروں، مکھیوں اور دیگر حشرات کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گندگی کی وجہ سے بدبو اور تعفن نے ہسپتال کے ماحول کو آلودہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں مکین مختلف بیماریوں جیسے گلے کی خرابی، شدید زکام، الرجی اور جسمانی درد میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
مکینوں نے بتایا کہ گندگی سے اٹھنے والا تعفن خاص طور پر بچوں اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کو متاثر کر رہا ہے۔ ملیریا اور ڈینگی کے کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر فوری طور پر ہسپتال کی رہائشی کالونی کا دورہ کریں تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے اور بیماریوں کی روک تھام کی جا سکے۔








