گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی کی رپورٹ) گوجرانوالہ کے محلہ اسلام آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں دوسری شادی کرنے پر ایک خاتون نے اپنے سابق شوہر کے گھر کو آگ لگا دی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کے سابق شوہر عدنان نے تین سال قبل لڑائی جھگڑوں کے باعث اسے طلاق دے دی تھی۔ حال ہی میں عدنان نے دوسری شادی کی اور آج رات اس کا ولیمہ تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملزمہ نے اپنی بہن اور بہنوئی کے ساتھ مل کر زبردستی عدنان کے گھر میں داخل ہو کر کمرے میں آگ لگا دی۔ آگ نے تیزی سے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے وہاں موجود تمام سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور مزید نقصان سے بچایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔