سوات: مالم جبہ اور مٹہ میں پولیس چیک پوسٹوں پر فائرنگ، دو اہلکار زخمی،

Police

سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ اور تحصیل مٹہ کے علاقے چپریال میں پولیس اسٹیشن اور چیک پوسٹوں پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے واقعات سامنے آئے ہیں جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ان واقعات کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق مالم جبہ پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کی جس پر پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آواروں کا مقابلہ کیا۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی قریبی دیہات کے لوگ بھی باہر نکل آئے اور انہوں نے پولیس کی مدد کا اعلان کرتے ہوئے اسلحہ اٹھا لیا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے صورتحال کو قابو میں کرتے ہوئے مقامی افراد کو واپس جانے کی ہدایت کی اور پولیس نے خود صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش جاری رکھی۔
دوسری جانب تحصیل مٹہ کے علاقے چپریال میں واقع پولیس چیک پوسٹ پر بھی نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔فائرنگ کے ان واقعات کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ سوات پولیس کے ترجمان کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم ان کی تلاش جاری ہے اور قریبی علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
سوات میں حالیہ مہینوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مالم جبہ، جو کہ سوات کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے، اس قسم کے حملوں سے متاثرہ علاقے میں شامل ہو گیا ہے۔ عوام میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے، تاہم پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے کہ علاقے کی صورتحال کو جلد قابو میں کیا جائے گا۔حالیہ حملوں کے بعد سوات کے عوام نے امن و امان کی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے لیکن ساتھ ہی حکومت سے مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ سیاحت اور عام زندگی متاثر نہ ہو۔

Comments are closed.