اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) چیف ایگزیکٹو افسر محکمہ صحت ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساؤتھ سٹی اوکاڑہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رینالہ خورد کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان کی ہدایات پر ہونے والے اس دورے میں ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے ہسپتالوں کی مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جن میں ایمرجنسی، میڈیسن سٹورز، چلڈرن وارڈ، سرجیکل وارڈ، لیبارٹریز اور ایکسرے روم شامل تھے۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مفت ادویات اور دیگر سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کر انجام دیں اور مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے مزید کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔