گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ پولیس نے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث اویس عرف اویسو ڈکیت گینگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 1 لاکھ 24 ہزار 500 روپے نقدی، 2 موٹر سائیکل، 1 موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

یہ کامیاب کارروائی ایس ایچ او تھانہ قلعہ دیدار سنگھ انسپکٹر عبدالرحمٰن اور ان کی پولیس ٹیم نے ڈی ایس پی میاں عبدالجبار کی زیر نگرانی کی۔ کارروائی کے دوران اویس عرف اویسو اور علی رضا نامی ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو کہ علاقے میں ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) محمد ایاز سلیم نے اس موقع پر کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتوں، موٹرسائیکل چوروں اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

علاقے کے مکینوں نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف علاقے میں امن کی فضا قائم ہوگی بلکہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بھی سخت پیغام ملے گا۔ سی پی او محمد ایاز سلیم نے ایس ایچ او انسپکٹر عبدالرحمٰن اور ان کی ٹیم کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور آئندہ بھی اسی طرح کی کارروائیوں کی ہدایت کی۔

پولیس حکام کے مطابق اس قسم کی کارروائیاں گوجرانوالہ میں جرائم کی روک تھام اور امن کی بحالی کے لیے ضروری ہیں اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Shares: