خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ) صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت ضلع خیبر کے تعلیمی منصوبوں پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف صاحبزادہ محمد عدنان قادری ممبر قومی اسمبلی اقبال آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی عبد الغنی آفریدی، ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسرز، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور ضلع خیبر کے طلباء نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع خیبر کی تعلیمی صورتحال جاری اور نئے منصوبوں پر تفصیلی بحث کی گئی، جس میں مختلف مسائل بھی زیر غور آئے۔ وزیر تعلیم نے ضلع خیبر کے عوام کو یقین دلایا کہ ایک ہفتے کے اندر سیکنڈ شفٹ سکول کھولے جائیں گے، تاکہ طلباء و طالبات کو ان کے اپنے علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ضم اضلاع میں تعلیمی نظام خراب حالات کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے، خاص طور پر لڑکیوں کے سکولوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جنہیں فوری طور پر فعال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رینٹڈ بلڈنگ سکول منصوبے کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا، جس کے تحت تعلیمی عمل کو جلد از جلد بحال کیا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضم اضلاع میں 150 پرائمری اور مڈل تباہ شدہ سکولوں کو رینٹڈ بلڈنگ میں کھولا جائے گا، جبکہ 50 مزید متاثرہ سکولوں کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 150 مڈل سکولوں کو بھی رینٹڈ بلڈنگ میں شروع کیا جا رہا ہے۔ دینی مدارس میں اے ایل پی سینٹرز کے قیام کا بھی منصوبہ زیر غور ہے۔

ضم اضلاع کے طلباء کے لیے مفت درسی کتابوں اور سکول بیگز کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ گریڈ 6 سے 12 تک کی 32 ہزار طالبات کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ مزید برآں منتخب 10 سکولوں کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی اور 21 ہائر سیکنڈری سکولوں کی سٹینڈرڈائزیشن مکمل کی جائے گی۔ سکولوں میں 5 امتحانی ہالز کی تعمیر بھی کی جا رہی ہے۔

چین کے تعاون سے ضلع خیبر میں 50 سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور نئے تعمیر شدہ سکول منصوبے پر 83 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیر تعلیم نے اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایٹا کے ذریعے 13 ہزار مستقل اساتذہ اور پی ٹی سی فنڈ کے ذریعے عارضی اساتذہ کی بھرتی کا اعلان بھی کیا۔

مالی مشکلات کے باوجود وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی ہدایت پر تعلیم کے بجٹ میں سب سے زیادہ خرچ کیا جا رہا ہے اور تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

Shares: