کوئٹہ ( باغی ٹی وی،نامہ نگار) کوئٹہ کے علاقے بروری بائی پاس پر ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں باراتیوں کی بس کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔باراتیوں سے بھری بس ایک خراب سڑک پر بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بروری بائی پاس پر جاری تعمیراتی کاموں کی وجہ سے سڑک کی حالت انتہائی خراب تھی۔ تعمیراتی عمل کے دوران حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کے کنارے پر کوئی رکاوٹ نہیں تھی، جس کے باعث بس کھائی میں گر گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری اور سڑک کی خراب حالت بھی حادثے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر کوئٹہ میں زیر علاج زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں بی بی نوریہ، حبیب، بی بی فاطمہ، بی بی خدیجہ، نجیبہ، بی بی طیبہ، پلوشہ، بی بی نادیہ، بی بی رقیہ، بی بی عابدہ اور دیگر افراد شامل ہیں۔ زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹروں کی ایک بڑی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی فہرست میں زینت دختر حاجی رحمت اللہ (عمر 7 سال)، بی بی زینب دختر عبداللہ (عمر 3 سال)، بی بی صفیہ (عمر 11 سال)، نصیب اللہ (عمر 35 سال) اور حاجی نقیب اللہ شامل ہیں۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے اور تعمیراتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
حادثے کے بعد متاثرہ خاندانوں نے حکومت اور انتظامیہ کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سڑک کی مرمت کے دوران حفاظتی اقدامات کیے گئے ہوتے تو یہ حادثہ پیش نہ آتا۔ متاثرین کا مطالبہ ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔