پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہرصورت ڈی چوک جائیں گے، اکیلا بھی رہ گیا، تب بھی جاؤں گا-

باغی ٹی وی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ن علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈی چوک احتجاج کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے اور ہمارا احتجاج پُرامن ہے، اگر ہمارے جلوس پر کسی نے تشدد کیا تو حالات کا وہ ذمہ دارہوگا قائد عمران خان کا حکم میرے لیے ریڈ لائن ہے، مجھ سے احتجاج کے حوالے سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، میرے پاس احتجاج ملتوی کرنے کا اختیار نہیں ہے، میرا اختیار عمران خان کے پاس ہےجب تک بانی قائد کا حکم نہیں آتا میں آگے بڑھتا رہوں گا، اگر جلوس میں اکیلا بھی رہ جاتا ہوں تب بھی آگے بڑھتا رہوں گا،اگر کسی نے تشدد کیا تو حالات کا وہ ذمہ دار ہوگا-

پنجاب پولیس اپنی آئینی حدود میں رہے ورنہ قانونی طور پر آخری حد تک جائیں گے،بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ معلومات موصول ہو رہی ہیں کہ لیگی سرکار نے گلو بٹ تیار کر لئے ہیں، ہمارے پر امن احتجاج پر تشدد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، گزشتہ روز بھی بدنام زمانہ پنجاب پولیس نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، ن لیگیوں نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے، ن لیگ فاشزم اور جبر کی علامت بن چکی ہے، تشدد کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا-

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنی آئینی حدود میں رہے ورنہ قانونی طور پر آخری حد تک جائیں گےپرامن لوگوں کو کمزور نہ سمجھا جائے اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، قوم بخوبی جانتی ہے پنجاب پولیس اور ن لیگ کی ڈوریں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں، پر امن احتجاج کو کچھ اور رنگ دینے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، ہم کاغذی شیروں کو جلا کر رکھ دیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آج اسلام آباد میں ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے، حکومت نے بھی احتجاج سے نمٹنے کا پلان فائنل کرلیا ہےاسلام آباد کے تمام راستے کنٹینرز لگاکر بند کردیے گئے، تمام نجی سکول آج بند ہیں، میٹروسروس معطل رہے گی-

Shares: