گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس مسافروں کی حفاظت اور خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے۔ ایک حالیہ واقعے میں موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ایک قیمتی انسانی جان بچائی ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق موٹروے پولیس کو ہیلپ لائن 130 پر کال موصول ہوئی کہ گھوٹکی کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی بس کے ڈرائیور کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے اور اسے فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔

اس اطلاع پر سیکٹر کمانڈر عبدالوحید ربانی نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے سپر وائزری گشت پر مامور ایڈمن آفیسر گھوٹکی محمد عثمان شبیر کو موقع پر بھیجا۔ محمد عثمان شبیر نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ایف ڈبلیو او ایمبولینس کو بلایا۔ ایمبولینس کے طبی عملے نے مریض کو فوری طور پر ضروری طبی امداد فراہم کی۔

موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں مریض کی جان بچ گئی۔ بعد ازاں بس کو دوسرے ڈرائیور کے ساتھ روانہ کیا گیا۔

اس شاندار کارروائی پر سیکٹر کمانڈر ایم فایو عبد الوحید ربانی نے پولیس افسران کو سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

Shares: