گوجرہ :موٹرسائیکل حادثہ، بہن بھائی زخمی،انڈرپاس کی خراب حالت، شہریوں کا احتجاج
گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ)گذشتہ روز ایک افسوسناک حادثے میں بہن بھائی سکول جاتے ہوئے موٹرسائیکل سے گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نویں جماعت کے طالب علم رضوان علیم ارحم رضوان اپنی ساتویں جماعت کی ہمشیرہ دعا فاطمہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سکول جا رہے تھے۔ جب وہ انڈرپاس کے قریب پہنچے تو مخالف سمت سے آنے والے ایک تیز رفتار موٹرسائیکل سوار نے ان کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں بہن بھائی انڈرپاس میں گر کر شدید زخمی ہو گئے۔
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔
اہم بات یہ ہے کہ گوجرہ انڈرپاس کی بیرونی دیوار قادری دربار روڈ کے برابر ہونے کی وجہ سے حادثات کا باعث بن رہی ہے۔ مقامی سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ نعمان ڈوگر سے مطالبہ کیا ہے کہ انڈرپاس کی دیوار کو فوری طور پر اونچا کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکام نے فوری اقدامات نہ کیے تو مزید قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔