خیرپور (باغی ٹی وی،نامہ نگار) خیرپور کے علاقے پیرجو گوٹھ میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد کی پراسرار ہلاکت کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔ پولیس نے 13 افراد کے قتل کے الزام میں گھر کی بیٹی اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بیٹی شائستہ نے اپنے ساتھی امیر بخش بروہی کے ساتھ مل کر پورے خاندان کو زہر دے کر قتل کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شائستہ اور امیر بخش نے اعتراف کیا کہ انہوں نے آٹے میں زہر ملا کر خاندان کو کھلایا کیونکہ خاندان پسند کی شادی کے لیے راضی نہیں تھا۔
یاد رہے کہ 17 اگست کو اس واقعے میں محنت کش گل بیگ، ان کی بیوی، 8 بچے، بھائی اور بھتیجے جاں بحق ہو گئے تھے، جن کی عمریں 4 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مرنے والوں کو زہریلی اشیاء دی گئی تھیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا ہے اور ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کے جسمانی نمونے لیے گئے تھے، اور میڈیکل رپورٹ نے ثابت کیا کہ زہر دینے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ ہولناک واقعہ پورے علاقے کے لیے ایک صدمہ ہے خاص طور پر جب کہ مرنے والے معصوم بچے اور ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔








