اسلام آباد انتظامیہ اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے خیبر پختونخوا ہاؤس کو سیل کرنے پر خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پختونخوا ہاؤس کو سیل کرنا غیر قانونی اقدام ہے اور یہ وفاقی اکائی پر ایک جعلی حکومت کی جانب سے حملہ ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہاؤس خیبر پختونخوا حکومت کی ملکیت ہے اور جعلی حکومت کا یہ اقدام غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت اس غیر قانونی اقدام کے خلاف ہر ممکن قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس سے پہلے بھی وفاقی حکومت کے احکامات پر خیبر پختونخوا ہاؤس پر دھاوا بولا گیا تھا اور عمارت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جعلی حکمران خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف فسطائیت کے ہر حربے کا استعمال کر رہی ہے، لیکن ان غیر قانونی اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اس معاملے کو عدالت میں لے کر جائے گی اور جعلی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کو چیلنج کرے گی۔خیال رہے کہ اس واقعے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت اور وفاق کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ قانونی کارروائی کے بعد معاملہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔

Shares: