جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی و ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت کونسل کے صوبائی عہدیداران کا اجلاس ادارہ نور حق میں منعقد ہوا ۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے اہل غزہ پر امریکی سرپرستی میںایک سال سے جاری حالیہ جارحیت و دہشت گردی ، فلسطینیوں کی نسل کشی ، لبنان پر حملے اور جارحیت کا دائرہ وسیع کرنے کی شدید مذمت کی گئی ، اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا گیا ۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں امت ِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اور مسالک و فرقہ وارانہ بنیادوں پر تفریق و اختلافات پیدا کرنے کی سازشوں کو اتحاد ِ امت کے جذبے کے تحت ناکام بنایا جائے ۔اسرائیل تمام مسلمانوں کا دشمن ہے اور اس کا نشانہ امت ِ مسلمہ ہے ۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور پھر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت اسرائیل کی مسلم دشمنی کا واضح ثبوت ہے ، اجلاس میں اہل غزہ پر اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل بمباری ، ہسپتالوں ، اسکولوں اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے ، خواتین اور بچوں کو شہید کرنے کی شدید مذمت کی گئی ، ان کی قربانیوں اور جدو جہد کو سلام پیش کیا گیا اور عالم اسلام کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی روکنے کے لیے اپنی بے حسی ترک کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں اگر ایسانہ کیا گیا تو غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں کل کسی اور مسلم ملک پر بھی حملہ کر سکتا ہے ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں ملی یکجہتی کونسل کے تحت بہت جلد ’’قومی فلسطین کانفرنس ‘‘منعقد ہوگی جس کی میزبانی اسلامی تحریکِ پاکستان کرے گی ۔ کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری رکھی جائے گی ۔ امت ِ مسلمہ کا اتحاد اور عالم اسلام کے حکمرانوں کا راست اقدام اسرائیل کو یقینی طور پر پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دے گا ۔اجلاس میں جماعت اسلامی کی جانب سے اتحاد ِ امت کی کوششوں کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی سے دنیا بھر میں اتحاد ِ امت کا واضح پیغام گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ اہل غزہ و فلسطین کی قربانیوں اور شہداء کے خون کے طفیل اسرائیل کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔دنیا بھر میں اہل ِ دل اور باضمیر انسان بھی اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت کر رہے ہیں ۔ عالم اسلام کے لیے بھی اسرائیل کے خلاف جدو جہد کے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم ہونے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ پوری امت اور حکمران :اسرائیل کے خلاف ایک نکاتی ایجنڈے پر جمع ہو جائیں ۔ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے جنرل سیکریٹری قاضی احمد نورانی ، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی ، نائب امیر کراچی مسلم پرویز ، مجلسِ وحدت المسلمین کراچی کے صدر مولانا محمد صادق جعفری ، مرکزی جمعیت الحدیث کراچی کے صدر علامہ مرتضیٰ خان رحمانی ، فلسطین فائونڈیشن کے مرکزی سیکریٹری صابر ابو مریم ، اسلامی تحریک ِ پاکستان کے سید ناظر عباس تقوی ،شعیہ علماء کونسل کے صوبائی صدر جعفر سبحانی ، پاکستان عوامی تحریک سندھ کے رہنما ممتاز رضا سیال ، عالمی مجلسِ تحفظِ ختم نبوت ؐ کراچی کے امیر محمد اعجاز مصطفیٰ ، مرکزی مسلم لیگ کے ثقلین اسحاق ، متحدہ جمعیت الحدیث کے طارق رشید ، جمعیت علماء پاکستان کے سید عقیل انجم قادری و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا ، جبکہ قومی فلسطین کانفرنس کے سلسلے میں قائم کی گئی کمیٹی میں ناظر عباس تقوی ، محمد حسین محنتی ، عقیل انجم قادری ، رانا انور اور علامہ صادق جعفری شامل ہیں ۔
حکمران اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں ، ملی یکجہتی کونسل سندھ
حکومت کی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں: گاڑیوں کی ضبطی کا حکمحیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی روزنامہ 92 کے دفاتر بند کرنے کی مذمت
حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی روزنامہ 92 کے دفاتر بند کرنے کی مذمت








