میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)حیسکو میرپورخاص میں مرمت اور ریپیئرنگ کے نام پر شہر بھر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس نے شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حیسکو کی افسر شاہی نے پورے شہر میں بجلی کی بندش کا راج قائم کر رکھا ہے، اور عوامی احتجاج کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حیسکو کی جانب سے صبح 9 بجے سے 12 بجے تک بجلی بند رکھنے کا شیڈول دیا جاتا ہے، مگر اکثر اوقات لائٹ 2:30 بجے تک واپس نہیں آتی۔ حیسکو کا اپنا شیڈول پر عمل نہ کرنا عوام کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ دفاتر، اسکول، مارکیٹ اور گھریلو صارفین سب اس غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شدید متاثر ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ حیسکو میں افسران کا مکمل راج چل رہا ہے اور لوڈشیڈنگ کے نظام کو من مانی کے طور پر چلایا جا رہا ہے۔ LS (لائن سپریٹنڈنٹ) کریڈٹ پر بجلی بند کروا دیتا ہے اور کھولنے کی ذمہ داری واضح نہیں ہوتی، جس سے شہریوں میں مزید بے چینی پھیل رہی ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ میرپورخاص میں بجلی کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے لیکن ان اخراجات کا آڈٹ نہیں ہوا اور نہ ہی افسران سے کوئی بازپرس کی گئی۔

شہریوں نے حیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور کرپٹ افسران کا محاسبہ کیا جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت اور اداروں کو عوامی سہولت کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرنے چاہئیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

Shares: