پنجاب یونیورسٹی کی ہاسٹل نمبر 8 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سمبڑیال سے تعلق رکھنے والی اُمِ حبیبہ، جو انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (IER) کے پانچویں سمسٹر کی طالبہ تھیں، نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ اُمِ حبیبہ کی لاش ہاسٹل کے کمرہ نمبر 91 میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق، اُمِ حبیبہ کو سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والا ایک لڑکا مبینہ طور پر بلیک میل کر رہا تھا، جو اس سانحے کی ممکنہ وجہ سمجھی جا رہی ہے۔ تاہم، پولیس کی جانب سے اس بات کی تصدیق ہونا باقی ہے اور تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ہاسٹل وارڈن نے دروازہ توڑ کر اُمِ حبیبہ کی لاش کمرے سے نکالی۔ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق، اُمِ حبیبہ کے والدین کو اس افسوسناک واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ خودکشی کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Shares: