اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی کانفرنس کے سلسلے میں، اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے ایک جامع ٹریفک ڈائیورشن پلان ترتیب دیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، یہ پلان 14، 15 اور 16 اکتوبر 2024 کو نافذ العمل ہوگا۔ عوام الناس سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی دشواری سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں۔ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف راستوں کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ عوام کو آمد و رفت میں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جی ٹی روڈ پشاور سے روات: مسافروں کو ٹیکسلا، موٹر وے، چکری انٹرچینج، چک بیلی روڈ، اور روات روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور: روات، چک بیلی روڈ، چکری انٹرچینج، موٹر وے، اور ٹیکسلا استعمال کریں۔
مارگلہ روڈ سے راولپنڈی: نائنتھ ایونیو کا استعمال کریں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ: فیصل ایونیو سے آنے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی طرف موڑا جائے گا۔
بھارہ کہو سے راولپنڈی: رنگ روڈ اور بنی گالہ سے لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔
-راولپنڈی سے اسلام آباد: صدر مری روڈ سے نائنتھ ایونیو کا استعمال کریں۔
زیر زکر تاریخوں میں، زیر و پوائنٹ فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے آنے جانے والی سڑک تمام ٹریفک کے لئے بند ہوگی۔ کرنل شیر خان شہید روڈ سے فیض آباد آنے والے مسافروں کو نائنتھ ایونیو سگنل سے سٹیڈیم روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا، موٹر وے، اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ روڈ انٹرچینج اور موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح، لاہور جی ٹی روڈ سے راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک کے لیے چک بیلی روڈ سے چکری انٹرچینج موٹروے کھلی ہوگی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مزید کہا ہے کہ 14 سے 16 اکتوبر 2024 تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔ یہ اقدامات عوام کی سہولت اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں تاکہ کانفرنس کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ مزید معلومات کے لیے عوام کو ٹریفک پولیس کی ہدایات کو مدنظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔