اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کی جانب سے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 30 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔
ان ترقیاتی منصوبوں کا مقصد بستی مشتاق خان، بستی عبدالغنی خان، بستی عبدالعزیز خان نائچ اور اوچ شریف حسینی چوک سے حلیم پور تک کی سڑکوں کو بہتر بنانا ہے۔
مخدوم سید عامر علی شاہ نے کہا کہ تمام پیپر ورک مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ ماہ سے ان سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع ہونے کی توقع ہے۔ اس منصوبے سے علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی، جس سے حادثات کی شرح میں بھی کمی کا امکان ہے۔
علاقہ مکینوں نے اس ترقیاتی اقدام کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ یہ منصوبہ ان کے لیے طویل مدت سے درپیش مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
حاجی عبدالمالک اعوان اور مہر خادم حسین کی قیادت میں مقامی رہائشیوں نے ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل ہوں گے۔