تنگوانی: شہری ایکشن کمیٹی کا بدامنی کے خلاف بھوک ہڑتال کیمپ قائم
تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف شہری ایکشن کمیٹی نے رہبر چوک پر تین دن کے لیے بھوک ہڑتال کیمپ قائم کر دیا ہے۔
شہری ایکشن کمیٹی کے رہنما قاری کفایت اللہ کوسو، وقار احمد ملک، رحمدل لاشاری، اعظم کوسو، عبدالفتاح کنڈرا، مولانا شہمور بکرا اور سہراب ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تنگوانی شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں مسلسل بدامنی کا راج ہے، جس سے عوام شدید پریشان ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی سرگرمیاں اس حد تک بڑھ چکی ہیں کہ اب وہ پولیس اہلکاروں سے بھی ہتھیار چھین لیتے ہیں اور انتظامیہ مکمل طور پر بے بس نظر آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی خاموشی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے اور حکام کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال بگڑتی جا رہی ہے۔
شہری ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ ایس پی کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور کسی ایماندار اور قابل ایس ایس پی کو تعینات کیا جائے تاکہ شہر میں امن و امان بحال ہو سکے۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔