کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے
پاکستان کی قومی ٹیم آئندہ ماہ نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی ،آسٹریلین نیشنل سلیکشن پینل کے چیئرمین جارج بیلی نے پاکستان کیخلاف ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل یہ ہماری آخری ون ڈے سیریز ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے اسکواڈ تشکیل دیا ہے،پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز میں آسٹریلین ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے، اسکواڈ میں شان ایبٹ، کوپر کونولی، جیک فیرسر، آرون ہارڈی، جوش ہیزل ووڈ، جوش انگلیس، مارنس لیبسچین، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مارکس سٹوئنس اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر جارج بیلی کے مطابق اسکواڈ میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے، چیمپئینز ٹرافی سے قبل یہ آخری ون ڈے سیریز ہے،فروری میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کے لیے اپنے اسکواڈ کے تجربے کو بڑھانے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ چار نومبر کو میلبرن میں ہوگا،دوسرا ون ڈے آٹھ نومبر کو ایڈیلیڈ، تیسرا ون ڈے دس نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔