ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں) دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث 72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 متاثر ہوگئی۔ یہ واقعہ صبح 7 بجے پیش آیا جب اچانک بجلی کی فراہمی میں خلل کے سبب پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق جیسے ہی متاثرہ لائن کی اطلاع ملی تو واٹر کارپوریشن کے حکام فوراً موقع پر پہنچے اور متاثرہ لائن کا معائنہ کیا۔ سی ای او واٹر کارپوریشن انجیئنر سید صلاح الدین احمد نے ہدایت کی کہ متاثرہ لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرمتی کام کے لیے ماہر انجینئرز کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو صورتحال کا فوری جائزہ لے گی۔
چیف انجینئر واٹر کارپوریشن کے مطابق متاثرہ لائن کا مرمتی کام اگلے 16 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اس دوران شہر کو متبادل لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی واقع نہیں ہوگی اور صورتحال پر مکمل نگرانی رکھی جائے گی۔
اس کے علاوہ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور اگر کسی قسم کی مزید معلومات درکار ہوں تو واٹر کارپوریشن کے ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد مستقبل میں ایسی صورت حال سے بچنے کے لیے بجلی کی فراہمی کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔







