لنڈی کوتل: کسٹم ایجنٹس کے مسائل حل کرنے اور پاک افغان تجارت کو فروغ دیں گے،مجیب شینواری

لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) آل طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار مجیب شینواری نے کہا ہے کہ کسٹم ایجنٹس کے بیشتر مسائل گوڈ ڈیکلریشن (جی ڈی) سے جڑے ہوئے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد ان مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

یہ بات انہوں نے لنڈی کوتل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی، جس میں سینئر کسٹم ایجنٹ ابوبکر آفریدی بھی شریک تھے۔

مجیب شینواری نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو آل طورخم کسٹم ایجنٹس کا سالانہ الیکشن منعقد ہوگا اور منشور کے تحت جی ڈی سے وابستہ مسائل خاص طور پر وی باک اور پی ایس ڈبلیو سسٹمز سے متعلق معاملات کو حل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اسکیننگ اور وزن کرنے کے نظام (کانٹہ) کے مسائل بھی جی ڈی سے منسلک ہیں۔

انہوں نے کہا ہم ہر نئی ایس آر او پر متعلقہ حکام، چیمبرز اور کسٹم افسران کے ساتھ مشاورت کریں گے تاکہ طورخم بارڈر پر درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا جا سکے۔ مجیب شینواری نے عزم کا اظہار کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے کسٹم ایجنٹس کے مسائل حل کیے جائیں گے اور پاک افغان تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

مجیب شینواری نے مزید کہا کہ طورخم میں کسٹم ڈیپارٹمنٹ ایف بی آر کی پالیسیوں پر عمل درآمد کا ذمہ دار ہے۔ ہم وقت کے ساتھ چلنے کے عادی بنیں گے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے مسائل کا حل نکالیں گے.

پریس کانفرنس میں مجیب شینواری نے امید ظاہر کی کہ ان کے منتخب ہونے سے طورخم بارڈر پر کاروباری برادری کے مسائل میں کمی آئے گی اور دو طرفہ تجارت میں بہتری ممکن ہوگی۔

Comments are closed.