اوچ شریف: پرائس کنٹرول خلاف ورزی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی، متعدد دکانیں سیل

اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان ) اسسٹنٹ کمشنر عثمان امین نے پرائس کنٹرول لسٹ کی خلاف ورزی اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کئی دکانوں کو جرمانے کیے اور متعدد کو سیل کر دیا۔

مین بازار، جہانیاں روڈ اور ہاتھی گیٹ بازار میں میونسپل کمیٹی نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران ان دکانداروں کو بھی نوٹس جاری کیے گئے جنہوں نے عوامی جگہوں پر غیر قانونی طور پر دکانیں اور تھڑے قائم کیے تھے۔ آپریشن کی اطلاع پر دکانداروں اور تھڑے والوں میں افراتفری پھیل گئی، تاہم بازاروں کی کشادگی پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر عثمان امین نے خبردار کیا کہ دکاندار اپنی حدود میں سامان رکھیں اور سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فروخت یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات شہر کی ترقی اور عوامی سہولت کے لیے ضروری ہیں۔

شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے بازاروں میں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر اور میونسپل کمیٹی کے اقدامات کو مثبت قرار دیا۔

میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر قاضی نعیم نے اعلان کیا کہ یہ آپریشن آئندہ بھی جاری رہیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ تعاون کریں تاکہ اوچ شریف کو ایک منظم، کشادہ اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔

Comments are closed.