گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) گوجرہ میں سڑک پر موجود کھڈے کے باعث افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں فرسٹ ایئر کی طالبہ سدرہ یوسف جاں بحق ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیو پلاٹ گلی نمبر 14 کے رہائشی محمد یوسف کی بیٹی سدرہ یوسف اپنے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر کالج جا رہی تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر ہاؤس کے قریب سڑک پر ایک گہرے کھڈے سے موٹر سائیکل کا توازن بگڑ گیا، جس سے طالبہ گر کر پیچھے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آگئی۔

سدرہ کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کیا گی لیکن حالت نازک ہونے کے باعث اسے الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔

حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور محمد سلیم (رہائشی چک نمبر 171 ج ب) موقع سے فرار ہو گیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے طالبہ کی لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیاسدرہ یوسف کی میت گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑک پر پڑے یہ کھڈے انتہائی خطرناک ہو چکے ہیں اور حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ عوام نے متعلقہ حکام سے فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں کی حالت بہتر نہ کی گئی تو مزید قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔

Shares: