اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان) احمد پور شرقیہ سے کراچی جانے والی فرید ایکسپریس کی ٹکر سے ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہتھیجی کے رہائشی محمد بلال ولد فدا حسین اپنی اہلیہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے۔ احمد پور شرقیہ ریلوے پھاٹک بند ہونے کی وجہ سے انہوں نے دوسری جانب سے ریلوے لائن عبور کرنے کی کوشش کی تاہم اسی دوران فرید ایکسپریس کی زد میں آگئے اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کے دوران محمد بلال کی اہلیہ محفوظ رہی اور اسے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔
ریلوے لائن پر اس قسم کے واقعات کے بعد عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے پھاٹک پر مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔