اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج رات دبئی روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ان کا دبئی کا ٹکٹ بک کروا لیا گیا ہے اور وہ آج رات ہی روانگی کے لیے تیار ہیں۔ بلاول بھٹو آئینی ترامیم کی منظوری یا عدم منظوری کی صورتحال کے بعد اپنے شیڈول کے مطابق دبئی جائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری کا یہ دورہ ان کے خاندان سے ملاقات کے لیے ہے، جہاں وہ اپنی بہن بختاور بھٹو زرداری اور بھانجوں، میر حاکم اور میر سحاول سے ملاقات کریں گے۔ بلاول کی دبئی روانگی کو ان کی ذاتی مصروفیات سے منسوب کیا جا رہا ہے، تاہم ملکی سیاسی صورتحال پر بھی ان کی روانگی کے اثرات دیکھے جا رہے ہیں۔
پاکستان میں اس وقت آئینی ترامیم کے حوالے سے اہم فیصلے ہونے جا رہے ہیں، جن کے نتیجے میں ملک کی سیاسی اور آئینی ڈھانچے میں تبدیلی متوقع ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی روانگی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ملکی سیاست میں بڑی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے آئینی ترامیم کے حوالے سے واضح موقف سامنے آیا ہے، اور بلاول کی دبئی روانگی کے باوجود ان کی جماعت کی جانب سے ترامیم کے عمل پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب آئینی ترمیم اور سیاسی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا بیرون ملک دورہ ملتوی کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے منگل کو سموعہ کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم ملکی حالات اور آئینی ترامیم کے باعث انہوں نے یہ دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ملک میں آئینی ترامیم کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس وقت اہم سیاسی جماعتیں اپنی حکمت عملی تیار کر رہی ہیں، اور وزیراعظم کا دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ بھی ان حالات کا غماز ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ آئینی ترامیم ملک کے سیاسی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، جبکہ ان ترامیم کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کی پوزیشنز اور ان کے اثرات پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری آج دبئی روانہ ہوں گے، وزیراعظم کا بیرون ملک دورہ ملتوی
Shares: