اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
باغی ٹی وی : پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس میں ججز کی تقرری کیلئے بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کیخلاف کارروائی کی بھی منظوری دیتے ہوئے ووٹ دینے والے اراکین کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے اور تادیبی کارروائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پارٹی سے روابط منقطع کرنے والے دیگر اراکین کو شوکاز نوٹسز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی،پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے اراکین پارلیمان سے حکومتی حلقوں سے روابط قائم کرنے پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا جائے گا اور ان اراکین کے جوابات کی روشنی میں ان کے مستقبل کا تعین کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت چیف جسٹس کی تقرری کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر خان، حامد رضا خان اور بیرسٹر علی ظفر کے نام بھی شامل تھے چیف جسٹس کی تقرری کیلئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج شام 4 بجے بلایا گیا ہے جس میں سینیئر ترین ججوں کے ناموں میں سے سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے نام کا انتخاب کیا جائے گا۔
دوسری جانب چیف چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ آج چیمبر ورک پر چلے گئے جہاں وہ فیصلے لکھیں گے، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ 25 اکتوبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔
اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیئرمین سینیٹ اور پارلیمانی لیڈر سے کمیٹی کیلئے نام طلب کئے تھے، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی لیڈرز سے پارلیمانی کمیٹی کیلئے نام مانگ لیے، 12 رکنی کمیٹی 8 ممبران قومی اسمبلی اور چار سینیٹرز پر مشتمل ہے۔
کمیٹی میں شامل اراکین اسمبلی میں ن لیگ کے خواجہ آصف، احسن اقبال، شائستہ پرویز ملک، پیپلز پارٹی سے راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ایم کیو ایم سے رعنا انصر، پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر علی خان، سنی اتحاد کونسل سے صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، کمیٹی میں چار سینیٹر بھی شامل ہیں، جن میں پیپلز پارٹی کے فاروق حامد نائیک، ن لیگ کے اعظم نذیر تارڑ، پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر اور جے یو آئی کے کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔
چیف جسٹس کے ناموں پر غور کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا پہلا ان کیمرا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے، جو کہ کانسٹیٹیوشن روم میں منعقد ہوگا، اجلاس طلب کرنے کا نوٹس سیکرٹری قومی اسمبلی نے جاری کردیا ہے۔