سیالکوٹ: سینٹرل ریسکیو اسٹیشن پر محفل میلادؐ و ختم نبوت کانفرنس

سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سینٹرل ریسکیو اسٹیشن، کچہری روڈ پر سالانہ محفل میلاد مصطفیؐ و ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ بابرکت محفل ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف سماجی و ریسکیو اداروں کے نمائندوں، ریسکیورز اور شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز حافظ افضال کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ عمران سرور، ذیشان، ثاقب لطیف، اور شوکت علی ساجد نے بارگاہِ رسالت میں نعت اور درود و سلام پیش کیا۔ نقابت کے فرائض محمد وسیم نے انجام دیے۔

مولانا عزیز الرحمن اور مولانا شفیع الرحمن نے سیرتِ نبویؐ پر خطابات کیے۔ مولانا شفیع الرحمن نے کہا کہ نبی کریمؐ سے حقیقی محبت کا تقاضا یہی ہے کہ ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر زندگی بسر کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرمؐ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا اور ختم نبوت کے عقیدے پر قائم رہنا ہماری ذمہ داری ہے۔

مولانا عزیز الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اور بطور ریسکیورز انسانیت کی خدمت، نبی کریمؐ کے راستے پر عمل کرنے کا عملی اظہار ہے۔

تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور ریسکیورز کی حفاظت کے لیے دعا کی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوید اقبال نے اختتامی کلمات میں منتظمین قاری سجاد اور شبان ختم نبوت کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔

Comments are closed.