اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہونا چاہیے۔ ان کا یہ بیان نو مئی کے واقعات کے حوالے سے آیا ہے، جب پی ٹی آئی کے کارکنوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے تھے۔خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "جو کچھ بھی نو مئی کو ہوا، اس کے حوالے سے ٹرائل میرے نزدیک فوجی عدالتوں میں ہونے چاہئیں، کیونکہ فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا تھا۔ اگر ان کا کنیکشن اسٹیبلش ہوتا ہے، تو پھر ٹرائل اُدھر ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کے دور میں آرٹیکل چھ ان پر لگایا جا سکتا ہے تو عمران خان کے لیے فوجی ٹرائل کیوں نہیں ہوسکتا۔بشریٰ بی بی کی ضمانت پر رہائی کے بارے میں سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ "اگر انہیں ضمانت ملی ہے تو یہ عدالتی فیصلہ ہے۔ مجھے اس پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں کوئی سیاسی مضمرات نہیں دیکھتے۔
خواجہ آصف نے ملک میں قیاس آرائیوں کا ماحول ختم ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "حالات بے یقینی کی طرف سے یقینی صورت حال کی طرف جا رہے ہیں۔انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ "جوڈیشل ایڈونچرازم کے دروازے بند ہوئے ہیں۔عمران خان کے حوالے سے امریکی کانگریس کے اراکین کے حکومت کو لکھے گئے خط پر خواجہ آصف نے کہا کہ "امریکی کانگریس پاکستان کے معاملات کا نوٹس لے لیتی ہے لیکن اسرائیل کے قتل عام کا نوٹس نہیں لیتی۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ "امریکہ اسرائیل کے جرائم کی سرپرستی کر رہا ہے۔وزیر دفاع نے کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے کشمیر کے لیے جنگیں لڑی ہیں، اور اگر ضرورت پیش آئے تو ہمیں دوبارہ جنگ لڑنی چاہیے۔” انہوں نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات میں کشمیر ہمیشہ سرفہرست ہوگا۔
نواز شریف کے جمعہ کو لندن روانگی کے سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ "نواز شریف کے دوست کی اہلیہ اس دنیا سے رخصت ہوئی ہیں، وہ اس کی تعزیت کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ "نواز شریف چند دنوں میں واپس آ جائیں گے۔”خواجہ آصف کا یہ بیان پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کے اندرونی معاملات کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے بیانات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کشیدگی جاری ہے اور مسلم لیگ (ن) ملک میں استحکام کی کوششیں کر رہی ہے۔

خواجہ آصف نے عمران خان کا فوجی عدالت میں ٹرائل کا مطالبہ کر دیا
Shares: