قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو سے)فیروزپور روڈ پر نالہ کی ادھوری تعمیر حادثات کا سبب بننے لگی
تفصیل کے مطابق قصور میں فیروزپور روڈ کے ساتھ سروس روڈ نزد کالی پل کے قریب تین ماہ سے نالہ کی تعمیر کا کام رکا ہوا ہے، جو روز بروز حادثات کا سبب بن رہا ہے۔ اسی نوعیت کا ایک واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، جب نالہ کے ساتھ کھدائی میں ایک نئی آلٹو کار گر گئی۔ خوش قسمتی سے ڈرائیور محفوظ رہا، مگر گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نامکمل تعمیراتی کام نے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کی ہے بلکہ عوام کی جان و مال کے لیے بھی خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو حکم دیا جائے کہ اس ادھورے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
نالے کا کچھ حصہ تو تعمیر کیا جا چکا ہے مگر اس پر کوئی حفاظتی ڈھانپ نہ ہونے کی وجہ سے اوپر سے گزرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ پیدل اور گاڑیوں کے ذریعے اس راستے کو عبور کرنا انتہائی خطرناک ہو گیا ہے۔
شہریوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکام کے پاس ترقیاتی کام مکمل کرنے کے لیے فنڈز نہیں ہیں تو عوام سے مدد کی درخواست کی جائے۔ مکینوں نے تجویز دی کہ اگر حکومت تعاون کرے تو وہ اپنی مدد آپ کے تحت اس نالے کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کو تیار ہیں۔
یہ صورتحال مقامی انتظامیہ کی عدم توجہی اور منصوبہ بندی کی ناکامی کو اجاگر کرتی ہے اور عوام حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔