وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ثانیہ عاشق جبین کو معاون خصوصی مقرر کر دیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوان ایم پی اے ثانیہ عاشق جبین کو محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کے لیے اپنا معاون خصوصی مقرر کردیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب کے سروس اینڈ جنرل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کیبنٹ ونگ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق ثانیہ عاشق کو محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب اسپیشل اسسٹنٹس آرڈیننس 2002 کے سیکشن 3 کے تحت اپنے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے ثانیہ عاشق کو اسپیشل ایجوکیشن کے لیے معاون خصوصی مقرر کیا ہے۔ یہ تقرری نوجوان لیڈر کو حکومت میں زیادہ متحرک کردار دینے کے عزم کا عکاس ہے، جس سے حکومت کے اسپیشل ایجوکیشن سیکٹر میں کارکردگی کو مزید فروغ ملے گا۔
ثانیہ عاشق نے 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بطور ایم پی اے پنجاب اسمبلی میں شمولیت اختیار کی۔ وہ گزشتہ کئی سالوں سے مریم نواز کے ساتھ مختلف سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں کام کرتی رہی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کے قریب ترین ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ثانیہ عاشق کی تقرری سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بہتری آئے گی اور خصوصی بچوں کے لیے تعلیمی مواقع میں اضافہ ہوگا۔یاد رہے کہ ثانیہ عاشق نے پنجاب یونیورسٹی سے ڈاکٹر آف فارمیسی کی ڈگری حاصل کی ہے، جس سے وہ صحت اور تعلیمی شعبوں میں بھرپور مہارت رکھتی ہیں

Comments are closed.