ڈسکہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک عمران)جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ مولانا محمد ایوب خان ثاقب نے دو روزہ ختم نبوت اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتناع قادیانیت آرڈیننس پر عمل درآمد حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت تمام مسلمانوں کا فرض ہے اور پاکستان میں قادیانیت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔

مولانا ایوب خان ثاقب نے کہا کہ مدارس اور مساجد کی رجسٹریشن کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور صرف اعلانات اور ترمیمات سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے عہد کیا کہ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آئین ختم نبوت اور ناموس رسالت کا دفاع کریں گے۔

انہوں نے قادیانیوں کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تحصیل ڈسکہ میں قادیانیوں کا اسلام قبول کرنا قادیانیت کے خاتمے کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیت اور اسرائیل ایک سکے کے دو رخ ہیں اور اسرائیل میں قادیانی جماعت کا دفتر کھلنا اسلام دشمنی اور فلسطینیوں کے خون سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

مولانا ایوب خان ثاقب نے قومی اسمبلی سے پاس ہونے والی اسلامی ترمیمات پر اراکین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان میں موجود اسلام دشمن عناصر کی اصلاح کے لیے دعوت دی جاتی ہے۔

اجتماع سے مولانا غلام مرتضیٰ، مولانا ارشد محمود خان، مولانا عبدالقیوم حقانی، اور دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا، جبکہ محمد خالد مغل اور ان کے سینکڑوں ساتھیوں نے شرکت کی۔

Shares: