کیڈٹ عارف اللّٰہ شہید نے لکی مروت میں دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے قربانی دی ،

لکی مروت: مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج نے لکی مروت میں نماز مغرب کے دوران ایک مسجد پر حملہ کیا، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے نوجوان کیڈٹ عارف اللّٰہ نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور اپنی جان قربان کرتے ہوئے نمازیوں کی جانیں بچائیں۔ 19 سالہ کیڈٹ عارف اللّٰہ اپنے آبائی شہر میں چھٹی پر موجود تھے اور اس وقت مسجد میں نماز ادا کر رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جیسے ہی خوارج نے مسجد پر حملہ کر کے فائرنگ شروع کی، کیڈٹ عارف اللّٰہ نے فوری طور پر جواب دیا اور نڈر ہو کر دہشتگردوں کے خلاف مزاحمت کی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کیڈٹ عارف اللّٰہ نے گتھم گتھا لڑائی کے بعد جام شہادت نوش کیا۔ ان کی اس بے مثال قربانی نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور مسجد میں موجود کئی بےگناہ نمازیوں کو بچا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیڈٹ عارف اللّٰہ کی بہادری نہ صرف ان کے عظیم جذبے کا ثبوت ہے بلکہ یہ عمل پاک فوج کے عزم کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ عبادت کے دوران نہتے نمازیوں پر حملہ کرنا خوارج کی حقیقی سوچ کو عیاں کرتا ہے، جبکہ اس نوجوان کیڈٹ کا بہادرانہ اقدام دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے عزم کی دلیل ہے۔شہید کیڈٹ کے خاندان کے افراد میں ان کے والدین، چار بھائی اور چار بہنیں شامل ہیں، جبکہ ان کے بڑے بھائی بھی پاکستان آرمی میں ملک کی حفاظت کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ جوان عارف اللّٰہ کی قربانی نے نہ صرف لکی مروت بلکہ پورے پاکستان میں جذبہ حب الوطنی اور دہشتگردوں کے خلاف نفرت کے جذبات کو اور تقویت دی ہے۔پاکستانی عوام اور مسلح افواج کی طرف سے کیڈٹ عارف اللّٰہ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے اور ان کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے ان کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ایسی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید پختہ کرتی ہیں اور وطن کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کے جذبے کو نئی زندگی بخشتی ہیں۔

Comments are closed.