عمران خان کی رہائی تک پرامن احتجاج جاری رکھیں گے،علیمہ خان
تحریک انصاف کی بانی چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے جہلم جیل سے رہائی کے بعد اہم بیان جاری کیا، کہتی ہیں عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں، انہیں فوری رہا کیا جائے۔
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ، علیمہ خان نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف اس وقت کوئی قانونی مقدمہ نہیں ہے اور انہیں بلاوجہ قید رکھا گیا ہے، ان کی رہائی کے لیے پرامن احتجاج جاری رہے گا اور ہم اپنا آئینی حق ہر حال میں استعمال کریں گے۔علیمہ خان نے جہلم جیل کی حالت زار اور وہاں قید تحریک انصاف کے کارکنوں کے ساتھ ہونے والے سلوک پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں تقریباً 400 کارکن بھی قید ہیں جنہیں حکومتی ظلم و ستم کا سامنا ہے۔ علیمہ خان نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر قسم کے قانونی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ علیمہ خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انہیں اور دیگر کارکنان کو گرفتار کرتے وقت وہ پرامن احتجاج کی تیاری میں تھے، ابھی احتجاج شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارا آئینی حق چھیننے کی کوشش کی، لیکن ہم پرامن احتجاج ضرور کریں گے اور جب آئین ہمیں احتجاج کا حق دیتا ہے تو کوئی بھی ہمیں اس حق سے محروم نہیں کر سکتا۔
علیمہ خان نے تین ہفتے جیل میں گزارنے کے تجربے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس مدت میں انہوں نے اس بات کا اندازہ لگایا کہ عمران خان کس طرح کی زندگی گزار رہے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں رہنا اگرچہ آسان نہیں ہوتا، لیکن جب مقصد بڑا ہو تو یہ مشکل بھی قابلِ برداشت ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کا یہ خیال ہے کہ ہم چپ رہیں گے، تو یہ بالکل غلط ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہمیں چاہے 100 مرتبہ جیل میں ڈالا جائے، ہم چپ نہیں بیٹھیں گے اور عمران خان کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔علیمہ خان کے ساتھ موجود عظمیٰ خان نے بھی اس موقع پر اپنی آواز بلند کی اور کہا کہ جس مقصد کے لیے وہ نکلے ہیں، اس کے لیے کوئی بھی قربانی بڑی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں اور اپنے مقصد کے حصول کے لیے ہر حال میں ثابت قدم رہیں گے۔