ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گرو نانک ہاکی اکیڈمی کی پریس کانفرنس: قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت کا اعلان
تفصیل کے مطابق بابا گرو نانک ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام ننکانہ صاحب میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران سی ای او سید غلام مجتبیٰ نے اعلان کیا کہ بابا گرو نانک ہاکی میلہ 6 سے 10 نومبر تک منعقد ہوگا جس میں ملکی اور غیرملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس میلے کا مقصد قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں تعلیم و کھیلوں کے لیے رغبت پیدا کرنا ہے۔
پریس کانفرنس میں سید غلام مجتبیٰ کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشنز علی رضا، ڈائریکٹر مارکیٹنگ اسد جاوید، ڈائریکٹر سیکیورٹی محمد خالد ریاض، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ٹیسٹ لینڈ کے سی ای او چوہدری عرفان اقبال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اکیڈمی کے چیئرمین سردار امولک سنگھ گھاکل کے ویژن کو سراہتے ہوئے غلام مجتبیٰ نے کہا کہ ہم ہاکی کے گراس روٹ لیول پر کام کر رہے ہیں تاکہ ملک کو بہترین کھلاڑی فراہم کر سکیں اور پاکستان دوبارہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر واپس آ سکے۔”
بابا گرو نانک ہاکی میلے میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سے کئی بین الاقوامی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔ یہ ٹورنامنٹ نیشنل سٹیڈیم شاہ کوٹ میں ہوگا جہاں کھلاڑی اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کریں گے اور قومی کھیل کے فروغ کے لیے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔
9 نومبر کو قائداعظم اسٹیڈیم شاہ کوٹ میں ہونے والے خصوصی کبڈی مقابلوں میں 4 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں قومی سطح کے مشہور کبڈی کھلاڑی شریک ہوں گے۔ ان مقابلوں کے لیے انعامات کی تفصیل درج ذیل ہے:
پہلی پوزیشن: 5 لاکھ روپے،دوسری پوزیشن: 3 لاکھ روپے،تیسری پوزیشن: 1 لاکھ 50 ہزار روپے،چوتھی پوزیشن: 1 لاکھ 50 ہزار روپے انعامات کے رکھے گئے ہیں
پریس کانفرنس میں غلام مجتبیٰ نے بتایا کہ بابا گرو نانک ہاکی اکیڈمی نہ صرف کھلاڑیوں کو تکنیکی تربیت فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کی مالی معاونت بھی کی جا رہی ہے۔ "ہماری اکیڈمی چار مختلف شہروں میں کام کر رہی ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت اور مالی مدد فراہم کی جا سکے اور وہ ملک کا نام روشن کر سکیں،” انہوں نے مزید کہا۔
اکیڈمی کے سی ای او نے امید ظاہر کی کہ اس ایونٹ کے ذریعے پاکستان ایک بار پھر ہاکی میں اپنی کھوئی ہوئی حیثیت بحال کر سکے گا۔ہمیں یقین ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف ہاکی کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوانوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی
انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک ہاکی اور کبڈی میلہ کھیلوں کے ذریعے پاکستان میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم لیے ہوئے ہے اور اس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔