لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے محمد رضوان کو قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان اور سلمان علی آغا کو وائٹ بال ٹیم کا نائب کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان لاہور میں پی سی بی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں سلیکٹر عاقب جاوید اور محمد رضوان بھی موجود تھے۔محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ رضوان کو کپتان بنانے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا گیا ہے اور ینگ ٹیلنٹ کو ٹیم میں شامل کرنے پر زور دیا گیا۔ بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے استعفے کے بعد نئے کپتان کی تعیناتی کیلئے تمام سے مشاورت کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم نے اپنی مرضی سے عہدہ چھوڑا، اور یہ فیصلہ ان پر کسی قسم کا دباؤ ڈالے بغیر کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے عاقب جاوید کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت نے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "عاقب جاوید کی محنت کو سراہتا ہوں، انہیں بورڈ میں شامل کرنے میں کچھ تاخیر ہوئی لیکن وہ ایک بہترین انتخاب ثابت ہوئے ہیں۔پریس کانفرنس میں فخر زمان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ فخر زمان کا مسئلہ فٹنس کا ہے اور اگر سلیکشن کمیٹی کسی کھلاڑی کو منتخب نہیں کرتی تو اس پر سوشل میڈیا پر بیانات دینا مناسب نہیں۔
سلیکٹر عاقب جاوید نے اس موقع پر کہا کہ ملتان اور پنڈی کے گراؤنڈ اسٹاف نے پچ کی بہتری کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور ہمیں اپنی ہوم سیریز میں اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی بیٹنگ اور باؤلنگ میں مزید بہتری لا سکتے ہیں۔نئے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ان کا فوکس لانگ ٹرم کامیابی پر ہے اور سلمان علی آغا کے ساتھ ان کا کمبی نیشن بہترین ثابت ہوگا۔

Shares: