ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹر قیوم خاں نے مختلف اسکولوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے گورنمنٹ گورونانک ہائی اسکول، گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول کھڈانوالہ، گورنمنٹ ہائی اسکول کھیاڑے کلاں، گورنمنٹ پرائمری اسکول کرچ پور، اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کوٹ لہناداداس سمیت کئی اداروں کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر قیوم خاں نے کلاس رومز میں جاکر تدریسی امور، طلباء اور اساتذہ کی حاضری، صفائی ستھرائی، انسداد ڈینگی سرگرمیوں اور اسموگ آگاہی مہم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کمپیوٹر لیب کا بھی دورہ کیا اور طلباء سے گفتگو کے دوران تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔

اسکول سربراہان نے سی ای او کو دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر قیوم خاں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ اخلاقیات پر بھی خصوصی لیکچر دیے جائیں۔ صفائی ستھرائی کے حوالے سے انہوں نے ملازمین کو ہدایت کی کہ پانی کہیں جمع نہ ہو اور صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ڈاکٹر قیوم خاں نے اساتذہ کی کارکردگی اور نظم و ضبط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید دلجمعی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تعلیم کو ہر گھر تک پہنچانے کے لیے تمام افراد کو محنت سے کام کرنا ہوگا۔

Shares: