پشاور: صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بشریٰ بی بی سے متعلق خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف سمیت پوری ن لیگ کا بشریٰ بی بی کی پشاورموجودگی پراعتراض سمجھ سے بالاتر ہے۔

باغی ٹی وی : بیرسٹر سیف نے کہا کہ نااہل ٹولے کو پتہ ہونا چاہئیے کہ پشاور پاکستان کا حصہ ہے لندن کا نہیں، نااہل لیگ کا خیال ہے کہ بشری بی بی نواز شریف اور مریم نواز کی طرح لندن کیوں نہیں گئیں، لندن وہ بھاگتے ہیں جو ڈیل کرتے ہیں بشری بی بی نے ڈیل نہیں کی ہے، بشری بی بی پاکستان کی شہری ہے اور پشاور پاکستان کا حصہ ہے، وہ جب تک چاہیں پشاور میں رہ سکتی ہیں، بشری بی بی نے بہادری کے ساتھ 9 ماہ قید کاٹی۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کے ایماء پر خواتین کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، راج کماری مریم نواز کی جعلی حکومت میں خواتین کی عزتیں اچھالی جارہی ہیں، مریم نواز کو ایک دن اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی اور گنڈاپور کا غائب ہو کر پھر نمودار ہونا، یہ دونوں عوامل نورا کشتی اور معافی تلافی کی خبر دیتے ہیں اور یہ سب کچھ بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے بغیر نہیں ہورہا۔

ایکس پر پوسٹ میں انہوں ںے کہا تھا کہ ‏بیگم صاحبہ کی رہائی اور پشاور روانگی معمول کی کارروائی نہیں، اسی طرح گنڈاپور کی چالیں ہیں کہ پہلے بھڑکیاں مارنا، دھمکیاں دینا پھر جلسے جلوسوں سے غائب ہونا پھر نمودار ہونا، آنیاں جانیاں‘،اب پنجاب کو خیرباد کہہ کے بیگم صاحبہ کا پشاور وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں ڈیرے ڈالنا پس پردہ داستان کی نشاندہی ہے، یہ دونوں شخصیتیں کسی نورا کشتی کی اور معافی تلافی کی خبر دیتی ہیں اور یہ بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے بغیر نہیں ہورہا یہ سب مل کر اپنے کارکنوں کو بے وقوف بنارہے ہیں-

Shares: