لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)پاک افغان طورخم بارڈر پر حکام کی فلیگ میٹنگ، تجارت کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار
پاک افغان طورخم بارڈر کسٹم کمپاؤنڈ میں پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں کسٹم، ایف سی، ضلعی انتظامیہ خیبر اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ساتھ افغان حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران، دونوں ممالک کے حکام نے تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم کیا۔ افغان حکام نے درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، اور کہا کہ امپورٹ اور ایکسپورٹ میں اضافہ کرنے کے لیے بروقت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
حکام نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے قواعد و ضوابط میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ اجلاس میں تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے اور یہ عہد کیا گیا کہ دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔