کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں، ہم خود ہی بہت ہیں-
باغی ٹی وی : وسیم اکرم نے میلبرن میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ فخر زمان امپیکٹ پلئیر ہے، مجھے یقین ہے کہ سوشل میڈیا بیان فخر زمان نے نہیں لکھا، جس نے بھی لکھا اسے بتانا چاہیے تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی وجہ سے آپ کو مسئلہ ہو سکتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ فخر زمان کے لیے ایک سبق ہے، سوچ سمجھ کر سوشل میڈیا پر لکھنا چاہیے، پی سی بی کا اس معاملے پر اپ سیٹ ہونا بنتا تھا،محسن نقوی کرکٹ کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وہ کرکٹ بورڈ کو پروفیشنل انداز میں چلا سکتے ہیں، مجھے جاب کی آفر ہوئی لیکن میں 9 سے 5 جاب کرنے والا بندہ نہیں ہوں۔
انہوں نے ہوم ایڈوانٹیج کے لیے پچز بنانے پر تنقید کرنے والوں کے حوالے سے کہا کہ ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں، ہم خود ہی بہت ہیں، ہوم ایڈوانٹیج پر تنقید سمجھ سے باہر ہے، میں 5، 6 سال سے کہہ رہا ہوں کہ ٹرننگ پچز بناؤ، چاہے ہار جاؤ، شکر ہے کسی کو تو خیال آیا اور ہم نے مسلسل تین ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد مسلسل دو ٹیسٹ میچز جیتے۔
سلمان خان کو قتل کی دھمکی اورتاوان مانگنے والا ایک اور ملزم گرفتار
سابق کرکٹر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت سے اچھے اشارے مل رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کو کئی آفرز کی ہیں، بھارت کو پاکستان آنا چاہیےویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بہت فینز ہیں، فینز کو شدت سے بھارتی کھلاڑیوں کا انتظار ہے،میں 6، 7 سال سے بھارت نہیں گیا، میں وہاں کے کھانے اور لوگوں کو مس کرتا ہوں، بھارتی کھلاڑی پاکستان آئیں، انجوائے کریں گے۔
ملک بھر میں 2 ماہ کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند کر نے کا …
وسیم اکرم نے محمد رضوان کی کپتانی کے حوالے سے کہا کہ محمد رضوان کو کپتانی کا تجربہ ہے، وہ اچھی چوائس ہے وہ بس کھیل پر فوکس کرے، آسٹریلیا میں کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں، پاکستان کی یہاں سیریز آسان نہیں ہو گی، ایک بھی ون ڈے جیت جاتے ہیں تو یہ بہت بڑی کامیابی ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی ہو گی،شاہین آفریدی، نسیم شاہ سمیت دیگر کرکٹرز کھیل پر فوکس کریں، سوشل میڈیا کو چھوڑ دیں،کرکٹ کھیل کر گھر جائیں اور انجوائے کریں، بابر اعظم کو بھی کپتانی بھول جانی چاہیے، وہ کرکٹ کھیلیں اور رنز کریں۔