سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں جاری ملک گیر پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران ریسکیو 1122 کے رضاکار اور محافظین ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ ریسکیو1122 کے اہلکار اور 20 ریسکیو محافظ ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی نگرانی میں ضلع بھر کے مختلف مقامات پر پولیو بچاؤ ویکسین کیمپس میں سرگرم عمل ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں لاری اڈہ کے مختلف مقامات جیسے بلال ٹریولز، مسجد چوک، ویگن اسٹینڈ، لاہور کوچ اسٹینڈ، وزیر آباد روڈ پر سبلائم چوک، اور ڈسکہ روڈ پر دبرجی چوک پر موجود ہیں، جہاں آنے جانے والے مسافروں کے بچوں کو پولیو بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد دور دراز علاقوں اور مسافروں کے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ ملک سے اس بیماری کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے پولیو بچاؤ ویکسین کیمپس کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ انہوں نے ریسکیورز اور ریسکیو محافظین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کے جذبے سے پولیو مہم میں مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہم سب کا عزم ہی پاکستان کو پولیو فری بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، اور یہ ٹیم ورک ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔”

ریسکیو محافظین نے اس پانچ روزہ مہم کے دوران اب تک 1158 بچوں کو پولیو بچاؤ کے قطرے پلائے ہیں، جس سے ریسکیو 1122 کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔ ریسکیو محافظین نے کہا کہ بچوں کی صحت اور پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لیے وہ ہمیشہ ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے ریسکیو 1122 کا یہ تعاون ایک قابل قدر اقدام ہے اور اس کا حصہ بننے والے ریسکیورز اور محافظین کے عزم کو عوامی سطح پر بھی پذیرائی مل رہی ہے۔

Shares: